لندن(ساریہ نیوز) انگلینڈ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 339 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔
انگلش کپتان السٹرکک اور الیکس ہیل کریز پر آئے تو انہیں فاسٹ بولر محمد عامر کا سامنا کرنا پڑا جو 6 سالہ طویل عرصے بعد لارڈز گراؤنڈ میں جلوہ گر ہوئے۔ پہلے اوور میں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور دوسرے اوور میں آخری گیند پر الیکس ہیل راحت علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سلپ میں کیچ دے بیٹھے جس کے بعد کپتان کک اور جوئے روٹ نے جارحانہ اننگز کا آغاز جاری رکھا اور کھانے کے وقفے تک 11 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 64 رنز بنا لئے۔
اس سے قبل لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیلا کا آغاز ہوا تو کپتان مصباح الحق 110 اور سرفراز احمد صفر کے اسکور کے ساتھ کریز پر موجود تھے جو ابتدائی اوورز میں ہی پویلین لوٹ گئے اور دونوں کھلاڑی ہی فاسٹ بولر اسٹارٹ براڈ کا شکار بنے۔ سرفراز احمد 25 اور کپتان مصباح الحق 114 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ محمد عامر 12 اور وہاب ریاض بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ یاسر شاہ 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلیںڈ کی جانب سے کرس ووکس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6، اسٹارٹ براڈ نے 3 اور جیک بال نے ایک وکٹ حاصل کی۔
گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور شان مسعود نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر38 رنز کی شراکت قائم کی تو شان مسعود 7 رنزبنا کر کرس ووکس کا شکار ہوگئے۔ دوسری وکٹ پر محمد حفیظ اور اظہر علی 13 رنز ہی جوڑ پائے تھے کہ حفیظ 40 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ کھانے کے وقفے تک قومی ٹیم نے 76 رنز بنالئے تھے لیکن وقفے کے بعد اظہرعلی بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور وہ 7 رنز ہی بنا سکے۔ان کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یونس خان تھے جو 33 رنز بنا کر 134 کے مجموعی اسکور پر براڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 148 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران مصباح الحق نے اپنی 10ویں سنچری اور اسد شفیق نے نصف سنچری اسکور کی، اسد شفیق 73 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر پویلین لوٹے، ان کی اننگز میں 12 چوکے شامل تھے جب کہ کپتان کا ساتھ دینے کے لیے نائٹ واچ مین راحت علی کو بھیجا گیا جو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔