ممبئی(ساریہ نیوز) شاہ رخ خان نے کئی فلموں میں اداکاری کے جوہردکھائے جنہیں فلم بینوں نے ناصرف بے حد پسند کیا بلکہ متعدد فلموں نے باکس آفس پر بزنس کے تمام ریکارڈ اپنے نام بھی کیے۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ اور رومانوی ہیروشاہ رخ خان بالی ووڈ کے افق پر چمکتادمکتا ستارہ ہیں جن کا تذکرہ کیے بغیر فلمی دنیا کا تعارف ادھورا ہے ۔ بالی ووڈ کے کنگ خان کانام فلم کی کامیابی اور ریکارڈ بزنس کی ضمانت سمجھا جاتا ہےاور انہوں نے یہ مقام پانے کے لئے کئی ناکامیوں کا سامنا بھی کیا ہے لیکن اس اتار چڑھاؤ کو کبھی خود پرغالب نہیں ہونے دیا۔
چنائی ایکسپریس
فلم ’’چنائی ایکسپریس ‘‘بالی ووڈ کی اب تک سب سے کامیاب فلموں میں شمارہوتا ہے۔ فلم میں مرکزی کردار شاہ رخ خان نے کیا۔ ’’چنائی ایکسپریس‘‘نے اپنی ریلیز کے پہلے دن سے ہی کئی ریکارڈاپنے نام کرنا شروع کئے۔ رومانوی فلم میں شاہ رخ خان کی ادکاری کو شائقین نے بے حدپسند کیا جب کہ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے بھی اپنے کردار سے خوب انصاف کیا،فلم نے مجموعی طور پر تقریبا4 ارب روپے کاریکارڈبزنس کرتے ہوئے کئی ریکارڈبھی اپنے نام کئے۔
ہیپی نیو ایئر
بالی ووڈ کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’’ہیپی نیو ایئر‘‘میں کنگ خان نے اپنی اداکاری کے باعث فلم بین کے دل جیت لیے، فلم کی کہانی 6ناکام لوگوں کی گرد گھومتی ہے جو زندگی کی جانب سے ملنے والے ایک موقع کا بھر پورفائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں جب کہ فلم میں شاہ رخ خان ،ابھیشیک بچن،بھومن ایرانی اور دپیکا پڈوکون سمیت دیگر ادکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے،۔فلم نے ریلیزہوتے ہی باکس آفس پر کئی ریکارڈز اپنے نام کیے جس میں ایک منفرد ریکارڈ تین ہفتوں میں ساڑھے 3 ارب روپے سے زائد کا بزنس بھی شامل ہے۔
ڈان 2
بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے فلم ’’بازی گر ‘‘کے بعد منفی ہیرو کا کردار فلم’’ڈان 2 ‘‘ میں ادا کیا جسے شائقین نے بے حد سراہا۔ فلم بالی ووڈ کی بلاک بسٹرفلم ثابت ہوئی ہےجس میں شاہ رخ خان، اداکارہ پریانکا چوپڑا،سمیت دیگر اداکاروں نے اپنی جاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جب کہ فلم میں بالی ووڈ کنگ خان نے انڈرورلڈ ڈان کا کرداراداکیا ۔ فلم نے ریلیز ہونے کے بعد کئی ایوارڈاپنے نام کیے بلکہ 100 دن میں دنیا بھر میں2 ارب سے زائد کا ریکارڈ بزنس بھی کیا۔
دل والے دلہنیاں لے جائیں گے
بھارتی فلم انڈسٹری کی سب سے مشہوراوربلاک بسٹر فلم ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘شاہ رخ خان کے فلمی کیرئیرکے لئے بھی فیصلہ کن ثابت ہوئی جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا،بالی ووڈ کی اس کامیاب ترین فلم نے 10 فلم فیئر ایوارڈ سمیت بہترین اداکار،اداکارہ اور ہدایت کار کا ایوارڈ بھی حاصل کیا جب کہ اس نےشاہ رخ اور کاجول کی جوڑی کو مقبولیت کی انتہا پر بھی پہنچادیا۔ اس فلم نے بھارتی فلمی دنیا میں 19 سال سے مسلسل پردہ اسکرین کی زینت بنے رہنے کا منفرداعزازبھی اپنے نام کیا ہے۔
کچھ کچھ ہوتا ہے
بالی ووڈ کے رومانوی ہیروشاہ رخ خان کی ایک اور کامیاب بلاک بسٹرفلم’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘نے بھی باکس آفس پربزنس کے ریکارڈقائم کیے۔ فلم جدید اور مشرقی اقدار کے گرد گھومتی ہے جس میں شاہ رخ خان نے ماڈرن خیالات کے حامی لڑکے اور کاجول نے مشرقی اقدار کی حامل لڑکی کاکردار ادا کیا ہے۔ بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم نے کئی ایوارڈ اپنے نام کیے۔
کل ہونا ہو
بالی ووڈ کی رومانوی فلم ’’کل ہونا ہو‘‘جذبات سے بھرپورفلم ہے جس نے اپنے اختتام پر شائقین کی آنکھوں کو نم ہونے پر مجبور کردیا۔بھارتی فلم انڈسٹری کی بلاک بسٹر فلم کو نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں بے حد پسند کیا گیا جب کہ فلم کے گانے کئی عرصہ شائقین کے کانوں میں رس گھولتے رہے۔ فلم کے مرکزی کردار وں میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان، سیف علی خان اور اداکارہ پریٹی زنٹاشامل تھے۔ فلم نے شاہ رخ خان کی شہرت کو مزیدعروج پر پہنچایا۔
چک دے انڈیا
بھارتی فلم نگری میں کھیل پر بننے والی فلموں میں سب سے ہٹ فلم ’’چک دے انڈیا‘‘ثابت ہوئی، فلم میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے بھارتی ہاکی ٹیم کے کوچ کبیر خان کاکردار اداکیا جو خواتین کی ہاکی ٹیم کوورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار اداکرتاہے۔ فلم چک دے انڈیا کی کامیابی نے بالی ووڈ میں کھیلوں پربننے والی فلموں کو ایک نیا رجحان دیا جس کے بعد کئی فلمیں بنائی گئیں۔
شاہ رخ خان نے فلم میں اپنے روایتی اداکاری سے ہٹ کر ایک مختلف کرداراداکرکے بالی ووڈ پر اپنی بادشاہت کا ثبوت دیا۔بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم نے کھیلوں میں خواتین کی اہمیت کو اجاگرکرنے میں بہت مدددی۔