راولپنڈی(ساریہ نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے خاتمے تک ہر قیمت پر جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان سے ملحقہ پاک افغان سرحدی علاقے کا دورہ کیا جہاں انہیں فوجی آپریشنز اور شوال کے علاقے کو کلیئر کرنے پر بریفنگ دی گئی اس موقع پر فارمیشن کمانڈرز نے شوال میں آئندہ کے پلان، آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت پر بھی بریفنگ دی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ نے شوال خالی کرانے والوں جوانوں سے ملاقات کرکے انہیں شاباش دی اور ملک میں خفیہ اطلاعات پر ہونے والے آپریشنز پر خصوصی انٹیلی جنس ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلامذہب، رنگ و نسل کارروائی جاری رہے گی، آپریشن دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے خاتمے تک ہر قیمت پر جاری رہے گا اور ہم دہشت گردی سے پاک پاکستان بنانے تک نہیں رکیں گے۔