اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان اسمبلی کو ان کی نشستوں سے برطرف کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف ارکان کے خلاف فیصلہ سامنے آگیا، الیکشن کمیشن نے منحرف ہونے والے پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان کے خلاف ریفرنس منظور کرتے ہوئے انہیں اسمبلی کی نشستوں سے برطرف کردیا۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے تین رکن بنچ نے متفقہ فیصلہ سنایا جس نے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس پر فیصلہ سنایا۔

ڈی سیٹ اراکین میں عظمیٰ کاردار، نذیر چوہان، راجہ صغیر، محمد امین ذوالقرنین، عائشہ نواز، عیلم خان، سعید اکبر، ملک نعمان لنگڑیال، ملک غلام رسول، اسد علی، اعجاز مسیح، فیصل حیات، اجمل چیمہ، محسن عطا، میاں خالد، مہر اسلم، نذیر احمد خان، فدا حسین، طاہر، سبطین رضا، سلمان ، ذوار حسین، زہرا بتول، ہارون عمران، ساجدہ یوسف شامل ہیں۔

پانچ نشستوں پر نامزدگیاں اور 20 نشستوں پر انتخابات ہوں گے

اس حوالے سے الیکشن کمیشن 25 منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کا نوٹی فکیشن جلد جاری کرے گا۔ تحریک انصاف 5 مخصوص نشستوں پر ارکان نامزد کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھے گی۔

20 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن شیڈول کا اعلان کرے گا جب کہ منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے سے خالی ہونے والی 20 جنرل نشستوں پر 2 ماہ میں الیکشن کروائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا جس پر تحریک انصاف نے اپنے ارکان کے خلاف ریفرنس اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس جمع کرایا تھا۔ یہ ریفرنس آرٹیکل 63 اے کے تحت جمع کروایا گیا تھا۔

تحریری فیصلہ جاری

الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلہ 23 صفحات پر مشتمل ہے جو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے تحریر کیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ارکان نے وزیر اعلی کے انتخاب میں مخالف جماعت کے امیدوار کو ووٹ دیا، مخالف امیداور کو ووٹ ڈالنے سے انحراف ثابت ہوگیا، الیکشن کمیشن منحرف ارکان کے خلاف ڈکلیریشن کو منظور کرتا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ منحرف ارکان کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم کی جارہی ہے، ان ارکان کی نشستیں اب خالی ہوچکی ہیں.

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com